سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج میں لارجر بینچ بنانے کے لیے معاملہ چیف جسٹس پاکستان کو بھجوا دیا۔
بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج روکنے کے فیصلے کے خلاف وفاق اور کے پی حکومت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تعزیرات میں بجلی چوروں کے خلاف بجلی کمپنیوں میں شکایات کی شق شامل کی ہے، لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے قرار دیا کہ بجلی چوروں کے خلاف شکایت کے ساتھ مقدمہ درج ہو سکتا ہے، سپریم کورٹ بھی بجلی اور گیس چوروں کے خلاف شکایت کے ساتھ مقدمے کے اندراج کا فیصلہ دے چکی ہے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ کے پی میں بجلی چوری کے خلاف مقدمات کو بڑی تعداد میں چیلنج کیا گیا، سیشن جج نے ایف آئی آرز ختم کر کے متعلقہ بجلی کمپنیوں میں شکایت کے اندراج کا کہا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ بہتر ہو گا کہ یہ معاملہ لارجر بینچ سنے تاکہ ایک ہی بار معاملے کا حل نکلے، اس معاملے پر حال ہی میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ہے اس کو بھی دیکھ لیں۔
جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے معاملہ چیف جسٹس پاکستان کو بھجو ادیا۔