• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلس: انسانی حقوق کی تنظیموں کا فلسطین پر اسرائیل کے قبضے کیخلاف مظاہرہ


مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف مظاہرہ اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔

ریپلکن سینیٹر ٹیڈ کروز کے دفتر کے باہر سیکڑوں مرد، خواتین، بچوں اور بوڑھوں نے فلسطین میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے امریکی سینٹر کے دفتر کے چاروں اطراف شاہراہوں پر مارچ کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

مظاہرے میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش سمیت دنیا بھر سے یہاں آئے ہوئے تارکینِ وطن اور مقامی افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔

انہوں نے فلسطینی عوام سے یک جہتی کا اظہار کیا اور غزہ پر اسرائیل کی بربریت اور مظالم کی شدید الفظ میں مذمت کی۔

مظاہرین مارچ کے دوران مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کے بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔

اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطین میں جنگ نہیں ظلم و بربریت ہو رہی ہے اور امریکی حکومت سمیت عالمی ادارے فلسطین پر صہیونی بربریت روکنے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس موقع پر مقررین نے پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں جنگ جاری ہے اب تک 9 ہزار سے زائد فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ 32 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں مگر دنیا میں انسانی حقوق کے نام نہاد علم برداروں نے صہیونیوں کو فلسطینیوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین کے مظلومین سے عہد وفا کرتے ہیں، آج کا احتجاج باضمیر، غیور اور شجیع لوگوں کا احتجاج ہے جو مظلوموں کے حامی اور ظالم کے مخالف ہیں۔

مظاہرین نے مظاہرے کے دوران نمازِ عصر ادا کی اور دورانِ نماز کئی افراد فلسطینی عوام کے لیے دعائیں کرتے ہوئے رو دیے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید