مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو 146 ویں یومِ پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حضرت علامہ اقبال مسلمانوں کے محسن اور فکری رہبر تھے اور ہیں، کلامِ اقبال نے راکھ کا ڈھیر بنی قوم کو نیا جذبہ اور تحریک دے کر عمل کی راہ پر چلایا۔
انہوں نے کہا ہے کہ فکرِ اقبال پر عمل کر کے آج بھی قوم زندگی کی ایک نئی تحریک پا سکتی ہے، حضرت علامہ اقبال کی فکر قرآنِ کریم کے مطالعے سے تشکیل پائی، دنیا کے مشاہدے اور وسیع مطالعے نے حضرتِ اقبال کے کلام کو مزید جامعیت دی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شاعرِ مشرق کی فکر سے آج بھی دنیا رہنمائی حاصل کر رہی اور فکری الجھنوں سے نجات پا رہی ہے، قیامِ پاکستان کا تصور دے کر حضرت علامہ اقبال نے برصغیرِ کے مسلمانوں کو منزل دکھائی، انہوں نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی صورت ایک رہبر بھی دیا۔
سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو علامہ اقبال کی فکر اور کلام سے راہنمائی لینی چاہیے، اقبال کا خودی کا پیغام روح میں انقلاب پیدا کرتا ہے، نوجوان ان کے فلسفۂ خودی کو سمجھ کر اپنی زندگیوں میں انقلاب لا سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ فکرِ اقبال کی روشنی آج سرحدوں اور زبانوں کی قید سے آزاد ہو کر دنیا بھر میں پھیل رہی ہے، علامہ اقبال نے امت اسلامیہ کو جو پیغام دیا، وہ وقت نے درست ثابت کیا، امتِ اسلامیہ کی نجات کی راہ بھی ان کے فلسفۂ فکر و عمل میں ہی ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہم سب کو علامہ اقبال کی فکر کی روشنی میں عمل کی قوت دے۔