لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ کرانے کے لیے پولیس نے عابد مارکیٹ بند کرانے کے لیے کریک ڈاؤن کیا ہے۔
پولیس نے عابد مارکیٹ میں دکانیں بند کروا دیں، اس دوران مزاحمت کرنے پر ایک دکاندار کو حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے بعض علاقوں میں مارکیٹیں اور دکانیں زبردستی بند کرانے کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج 10 نومبر کو مارکیٹیں اور دکانیں بند کرانے کا کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا، اگر پولیس کی جانب سے زبردستی مارکیٹیں یا دکانیں بند کرائی گئی ہیں تو سخت ایکشن ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی نے اسموگ کی شدت کے باعث لگائے جانے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ اسموگ کی وجہ سے پنجاب حکومت نے مخصوص اضلاع میں جمعے کے دن چھٹی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
پنجاب کے 6 اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور ،ننکانہ صاحب اور حافظ آباد میں اسموگ کی صورتحال کی وجہ سے ماحولیاتی اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ ہے۔