کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے اسٹریٹ کرائم، پولیس مقابلے اور اقدامِ قتل کیس میں ملوث 3 ملزمان کو عدم شواہد پر بری کر دیا۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پولیس تینوں ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی۔
اے ٹی سی سے بری ہونے والے ملزمان میں نعیم حسن، عبدالوہاب اور سلمان شامل ہیں۔
ملزمان کے وکیل لیاقت گبول نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوشن کے تمام گواہان کے بیانات میں تضاد ہے، پراسیکیوشن کے پاس کوئی بھی سرکاری گواہ موجود نہیں ہے، پولیس نے ملزم نعیم کو ہوٹل سے کھانا کھاتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔
ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزم نعیم کے اہلِ خانہ سے 5 لاکھ روپے رشوت بھی طلب کی تھی۔
عدالت میں پراسیکیویشن کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ ملزمان زمان ٹاؤن میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں، ملزمان سے چھینے گئے موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف اے ایس آئی شفیق کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔