کراچی(اسد ابن حسن) افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے اور اس حوالے سے ایف آئی اے کی جاری تحقیقات کے تناظر میں پشاور شہر سے جاری کردہ 98شناختی کارڈ اور اس کے فیملی ٹری کو نادرا پشاور نے مشکوک قرار دے دیا ہے۔ مذکورہ افراد کو ان کے شناختی کارڈ پر تحریر کئے گئے رہائشی ایڈریسیز پر نوٹسز ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ ان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ 15 یوم کے اندر اندر تمام دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ نادرا آفس سے رابطہ کریں بصورت دیگر مقررہ وقت گزرنے کے بعد ان کے شناختی کارڈ منسوخ کر دیئے جائیں گے۔