سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ آپ حارث رؤف کو ٹیسٹ کرکٹ کے بجائے اگلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تیار کریں۔
عاقب جاوید نے کہا ہے کہ حارث رؤف کو خود کو ٹیسٹ کے لیے کلیئر کردینا چاہیے، جس نے ایک سال سے ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا اس پر پریشر کیوں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح حارث کو دکھایا جارہا ہے وہ اس کے ساتھ نا انصافی ہے، اگر حارث آسٹریلیا جاتا اور کھیلتا تو شاید وہ ان فٹ ہوجاتا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں دورۂ آسٹریلیا کے لیے نئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
اس پریس کانفرنس میں وہاب ریاض نے کہا تھا کہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کیا ہے۔