نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ نگراں وزیر اعظم کو آج شام بل گیٹس کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اس وقت متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وزیراعظم اور بل گیٹس نے اقوام کی متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا۔
نگراں وزیراعظم نے پاکستان کو پولیو سے محفوظ بنانےکی کوششوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔
وزیراعظم نے ملک کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم اور بل گیٹس کے درمیان غذائی قلت کے مسائل اور زچگی کے حوالے سے خواتین کی صحت پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے حکومت اور بی ایم جی ایف کے درمیان بہترین تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان کیلئے پرعزم ہے۔