پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے شہنشاہ شہباز شریف کو الیکشن میں لگ پتہ جائے گا۔
عدالت میں پیشی پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ نواز شریف کی بریت کے بعد ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک رہ گیا؟
انہوں نے کہا کہ نواز اور شہباز شریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کے لیے تیار رہیں۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف دونوں اپنے کیس ختم کرا کے بھی سرخرو نہیں ہو سکتے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف نے 16 ماہ کی حکومت میں سوائے لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کے کچھ نہیں کیا، تحریکِ انصاف بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں اترے گی۔
لاہور کی ضلع کچہری نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہٰی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔
عدالت نے اینٹی کرپشن کو چالان مکمل کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔