میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہونے کی وجہ سے جرمنی سے تھائی لینڈ جانے والے جہاز کو دہلی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
لفتھانزا کی پرواز LH772 نے میونخ سے بنکاک کے لیے اُڑان بھری تھی لیکن دورانِ سفر جہاز میں سوار میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہو گیا جس کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول کو صورتِ حال سے آگاہ کیا گیا اور فوری طور پر دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل (IGI) ایئر پورٹ پر جہاز کو لینڈ کروایا گیا۔
جرمن شوہر اور اس کی تھائی بیوی کے درمیان ایک معمولی بحث شروع ہوئی جو جھگڑے میں تبدیل ہو گئی اور پھر بیوی نے اپنے شوہر کے رویے سے گھبراتے ہوئے پائلٹ سے مدد طلب کی جس پر پائلیٹ نے پہلے پاکستان کے ایئر پورٹ سے رابطہ کیا لیکن کچھ نامعلوم وجوہات کی بناء پر جہاز کو پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت نہیں ملی اور پھر بھارت سے رابطہ کرنے پر جہاز کو دہلی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت مل گئی۔
جہاز کی دہلی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے بعد ایئر پورٹ کی سیکیورٹی نے چارج سنبھال لیا اور جرمن شوہر کو پرواز سے نکال کر بھارتی حکّام کے حوالے کر دیا۔
جرمن شخص نے مبینہ طور پر ایئر پورٹ کے حکّام سے معافی مانگ لی ہے اور اس واقعے کے حوالے سے جرمن سفارت خانے سے بات چیت جاری ہے۔
یہ فیصلہ ابھی زیرِ التواء ہے کہ آیا اس شخص کو بھارتی سیکیورٹی ایجنسیوں کے حوالے کیا جائے گا یا جرمنی واپس بھیج دیا جائے گا۔