پاکستان میں رواں سال اب تک 9،284 نئے مریضوں میں ہیومن امیونو ڈیفیشینسی وائرس (ایچ آئی وی) کا انکشاف ہوا ہے۔
وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق پاکستان میں ہر ماہ ایچ آئی وی کے تقریباً 900 سے 1000 نئے کیس سامنے آ رہے ہیں، 2022ء میں بھی ایچ آئی وی کے 10 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے تھے۔
وفاقی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب اور سندھ سے سامنے آ رہے ہیں جبکہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان سے بھی ایچ آئی وی کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد اور گرد و نواح بشمول کشمیر سے بھی ہر ماہ تقریباً 40 سے 50 نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ ناکافی اقدامات اور غیر محفوظ جنسی تعلقات ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کا بڑا سبب ہیں۔
ایچ آئی وی کے زیادہ تر کیسز حادثاتی طور پر ٹیسٹنگ کے نتیجے میں سامنے آ رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں ایچ آئی وی کی ٹیسٹنگ بڑھانے کی ضرورت ہے۔