امریکی شہر نیویارک میں دنیا کا پہلا اے آئی ڈیٹنگ کیفے بطور پاپ اَپ ایونٹ متعارف کرا دیا گیا، جہاں لوگوں نے اپنے ورچوئل ساتھیوں کے ساتھ حقیقی ماحول میں ملاقات کا تجربہ کیا۔
یہ تصور بظاہر کسی سائنس فکشن فلم کا منظر لگتا ہے، مگر اس کا باقاعدہ طور پر انعقاد کیا گیا۔
غیر ملکی جریدے نیوز ویک کے مطابق اے آئی ریلیشن شپ ایپ ایوا اے آئی EVA AI نے ایک بار کو عارضی طور پر ایک آرام دہ کیفے میں تبدیل کیا، جہاں صارفین اپنے اے آئی ساتھیوں کے ساتھ وقت گزار سکتے تھے۔
ایوا کیفے میں مہمان اپنے فون اسکرین کے سامنے بیٹھے، مشروبات آرڈر کیے اور ہیڈفون پہن کر اپنے اے آئی پارٹنرز سے نجی گفتگو کرتے رہے، اس دوران وہ لائیو ویڈیو اور وائس چیٹس کے ذریعے اپنے ورچوئل ساتھیوں سے بات چیت کرتے، کھانا شیئر کرتے اور بغیر کسی مسترد کیے جانے کے خوف کے فلرٹ کرتے رہے، یوں ویلنٹائن ڈے پر ایک منفرد اور غیر روایتی ڈیٹنگ تجربہ سامنے آیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکا میں اے آئی رومانوی تعلقات کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، 28 فیصد امریکی بالغ افراد نے اعتراف کیا ہے کہ وہ کسی نہ کسی شکل میں اے آئی رومانس کا تجربہ کر چکے ہیں، جبکہ 42 فیصد نوجوانوں نے بتایا ہے کہ وہ اے آئی کو بطور ساتھی استعمال کرتے ہیں، 30 سال سے کم عمر افراد میں تقریباً ہر 3 میں سے 1 مرد اور ہر 4 میں سے 1 خاتون نے اے آئی پارٹنر سے بات چیت کا تجربہ کیا ہے۔