نگراں پنجاب حکومت نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کے اختیارات محدود کردیے، گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد محکمہ قانون نے گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔
اینٹی کرپشن کو سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے قبل متعلقہ اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔
محکمہ قانون پنجاب کے گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری ملازمین کے خلاف شکایت کرنے والے فرد کی پہلے انکوائری ہوگی، جس کے بعد سرکاری ملازم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے مجاز اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ ایک سے 16 تک کے سرکاری ملازم کے خلاف مقدمے کیلئے اس کے اعلیٰ افسر سے اجازت لینا ہوگی، گریڈ 17 کے سرکاری ملازم کے خلاف مقدمے کی اجازت متعلقہ سیکرٹری دے گا جبکہ 18 اور 19 گریڈ کے افسر کے خلاف مقدمے کی اجازت ایڈیشنل چیف سیکریٹری سے لینا ہوگی۔
کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور گریڈ 20 کے افسر کےخلاف مقدمہ درج کرنے سے قبل چیف سیکریٹری سے اجازت لینا ہوگی، سرکاری ملازمین کی گرفتاریوں کیلئے بھی متعلقہ محکموں کے سربراہوں سے اجازت لی جائے گی، اعلیٰ سرکاری افسران کے خلاف مقدمات کا جائزہ لینے کیلئے تین رُکنی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نگراں پنجاب حکومت کی جانب سے اینٹی کرپشن آرڈیننس میں تبدیلی کا فیصلہ گزشتہ دنوں چند سرکاری ملازمین کی گرفتاری پر کیا گیا تھا اور نگراں وزیر اعلیٰ نے اینٹی کرپشن آرڈیننس میں تبدیلی کی سمری منظور کی تھی۔