بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کیخلاف اوور بلنگ پر نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی انکوائری کمیٹی کی تحقیقات مکمل ہوگئی۔
اعلامیے کے مطابق نیپرا نے کےالیکٹرک سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں کےخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
نیپرا اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے ایوریج بل بھیجنے اور 30 دن سے زائد عرصے کی بلنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
نیپرا کے اعلامیہ کے مطابق خراب میٹرز کو جلد از جلد تبدیل کرنے اور غلط بلوں کو درست کرنے کاحتمی وقت دے دیا گیا ہے۔ بجلی کمپنیوں کو 30 دنوں میں خراب میٹرز کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق مقررہ وقت تک عملدرآمد نہ کرنے پر کمپنیوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پالیسی کے مطابق میٹرز تبدیل نہ کرنے پر کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق نیپرا نے معاملے پر کےالیکٹرک سے وضاحت طلب کرلی ہے۔