کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ممالک کی حمایت میں دنیا کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، دبئی میں منعقد یوکے پویلین میئرز کانفرنس ایک اہم ایونٹ ہے جس میں دنیا کے مختلف شہروں کے میئرز کو اپنے تجربات کے تبادلے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تجاویز دینے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، مجھے یو کے پویلین میں سٹی میئرز کے ساتھ اس اہم پلیٹ فارم میں شرکت کا موقع ملا ہے، یہ بات انہوں نے دبئی میں منعقد یوکے پویلین میئرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے صوبہ سندھ خصوصاً کراچی کے مسائل، ان کے حل اور وسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ان کی روزمرہ زندگی میں بنیادی سہولتیں مہیا کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، کانفرنس کے دوران دیگر شہروں کے میئرز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔