آسٹریلوی وزیراعظم کی تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور پرائم منسٹر الیون نے شرکت کی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے منگل کو آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز کی جانب سے منعقدہ اعزازی تقریب میں شرکت کی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے علاوہ پرائم منسٹر الیون کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اور پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ بدھ کے روز سے کینبرا میں کھیلا جائے گا جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر سے ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے دونوں ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پرائم منسٹر الیون اور پاکستان ٹیم کے درمیان میچ اچھا ہوگا۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز بھی اچھی رہے گی کیونکہ پاکستان ایک کوالٹی ٹیم ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پرائم منسٹر الیون کا میچ ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے جو 1951ء سے کھیلا جارہا ہے اور انہیں یہ میچ کھیلنے کی بہت خوشی ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ پرائم منسٹر الیون ایک سخت حریف ہے اور پاکستان ٹیم نہ صرف اس میچ کے لیے بلکہ آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے چیلنج کے لیے بھی تیار اور پُرجوش ہے۔