پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ کپتانی میرے لیے چیلنج ہے اور اس کے لیے میں پُرجوش ہوں۔
دورۂ آسٹریلیا پر موجود شان مسعود نے کہا ہے کہ چار روزہ میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے، ہمیں پتہ چلے گا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، ہمیں کسی کا منہ بند نہیں کرنا، ہم اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کرکٹ کھیلیں گے، ہم ایسی کرکٹ کھیلیں گے جو کہ فینز کو پسند آئے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ نتائج ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن ہم مثبت انداز میں کھیلیں گے، ہمارے بارے میں رائے رکھنا ہر کسی کا حق ہے، میں نے زندگی میں ہمیشہ چیلنجز لیے ہیں، یہ ایک چیلنج اور ایک اچھا موقع ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن ہے، ہم نے کسی ایک کو چیلنج نہیں کرنا، آسٹریلیا کا اسکواڈ بہت مضبوط ہے، آسٹریلیا کے بولنگ اٹیک نے ہر کنڈیشنز میں برتری حاصل کی ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ ہم نے اپنے تینوں شعبوں بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ میں اچھا کرنا ہے، ہمارے پاس ایسی سائیڈ ہے جو ان کنڈیشنز میں اچھا کھیلے گی، ہم جارحانہ انداز میں کھیل کر حریف ٹیم پر دباؤ ڈالیں گے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ اب بہت تبدیل ہو چکی ہے اور اس کے مطابق کھیلنا ہے، ہمارا گول یہی ہے کہ ہم نے اپنی شناخت بنانی ہے، آئیڈیل یہ ہے کہ ہم اچھی مہارت کا مظاہرہ کریں۔