نامور جنوبی بھارتی فلم پشپا کے اداکار کو ایک اداکارہ کی خودکشی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جگدیش نے اداکارہ کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے کی کوشش کی جس سے تنگ آکر اس نے خودکشی کرلی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جگدیش نے حیدرآباد کی ایک جونیئر آرٹسٹ کی تصاویر اس کی اجازت کے بغیر اس وقت بنائیں جب وہ نامناسب حالت میں تھی۔
بتایا جا رہا ہے کہ انہوں نے آنجہانی اداکارہ کو ہراساں کیا، ان کی تصاویر ایک اور شخص کو بھی دکھائیں اور دھمکی دی کہ وہ انہیں سوشل میڈیا پر ریلیز کردیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے ذہنی دباؤ کا شکار ہونے کے بعد 29 نومبر کو خودکشی کرلی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش میں اداکار جگدیش مبینہ طور پر خاتون کو ہراساں کرنے میں ملوث پائے گئے، جنہیں حراست میں لے کر عدالت میں بھی پیش کردیا گیا۔
عدالت نے جگدیش کو 14 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
دوسری جانب اداکار کی ٹیم نے اس واقعے سے متعلق تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔