پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی اور صوبہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور کا فضائی معیار آج انتہائی خطرناک حد تک مضرِ صحت ہے۔
عالمی ویب سائٹ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے جس کی فضا میں آلودگی 261 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
صبح سویرے لاہور کا اس فہرست میں چوتھا نمبر تھا۔
دوسری جانب کراچی کا آج دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچواں نمبر ہے۔
کراچی کی فضا میں آلودگی 196 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج بھارتی شہر دہلی دوسرے اور کولکتہ تیسرے نمبر پر ہے۔
دہلی کی فضا میں آلودگی 253 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضر صحت، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کوظاہر کرتا ہے۔
پنجاب کا ایئر کوالٹی انڈیکس کیا کہتا ہے؟
محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے بھی آج کا ایئر کوالٹی انڈیکس جاری کر دیا ہے جس کے مطابق لاہور کے علاقے ٹاؤن ہال کی فضا میں آلودگی 292 اور گرین فورٹ میں 249 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کی فضا میں آلودگی 231 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح شالے ویلی رینج روڈ راولپنڈی پر آلودگی 200 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔