چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کیلئے زندگی کے ہر شعبے میں مساوی مواقع چاہتے ہیں، خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کیلئے بلاسود قرضے دیں گے۔
پشاور میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد میں خواتین کا ہمیشہ صف اول کا کردار رہا ہے، پی پی پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا تو خواتین آگے آئیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنرل ضیاء کی آمریت کا بیگم نصرت بھٹو اور بےنظیر بھٹو نے مقابلہ کیا۔ بے نظیر بھٹو مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چاہتے ہیں کہ ہر شعبے میں خواتین کا کردار ویسا ہی ہو جیسا مرد کا ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی کا نظریہ یہ ہے کہ ہم اپنی خواتین کے ساتھ اچھا سلوک رکھیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن میں خواتین شعبے نے مثالی کام کیا۔
انکا کہنا تھا کہ خواتین کی جدوجہد کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو بہت کامیابیاں ملیں، خواتین کےلیے زندگی کے ہر شعبے میں مساوی مواقع چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد کی بدولت خواتین بڑے عہدوں پر پہنچیں۔ خواتین کی محنت کی بدولت پیپلز پارٹی 2024 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں غریبوں کےلیے 30 لاکھ گھر بنائیں گے۔ معاشی، سماجی اور سیاسی میدان میں خواتین کو مواقع دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام انقلابی منصوبہ تھا، اس میں اضافہ کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پاورٹی ایویلیوایشن کے نام سے منصوبہ شروع کیا۔ منصوبے کے تحت بلاسود قرضہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بینک اشرافیہ کو قرض دیتے ہیں جو واپس نہیں کرتے۔ خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کےلیے بلاسود قرضے دیں گے۔ ہر صوبے اور ضلع میں خواتین کےلیے بینک کھولیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر نے ہمیں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا تصور دیا۔ اس منصوبے کو بنگلادیش، بھارت اور سری لنکا نے نقل کیا۔
انہوں نے مزید کاہ کہ خواتین کو بھی تعلیم یافتہ اور ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں۔ افغانستان کی طرح پاکستان میں بھی بعض لوگ خواتین کو آگے بڑھنے نہیں دینا چاہتے۔
انکا کہنا تھا کہ ملکی کی معشیت تب تک اچھی نہیں ہوسکتی جب تک اس میں خواتین کا کردار نہ ہو۔ مرد و خواتین شانہ بشانہ کام کریں تو ملک ترقی کرسکتا ہے۔