پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی میں خواتین نے ہمیشہ صف اول سے قیادت کی ہے، صنفی مساوات و خواتین کو خودمختار بنانے کا عزم پارٹی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے واضح ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عالمی یوم خواتین پر پارٹی کے شعبہ خواتین کی جانب سے کاروانِ بینظیرریلیوں کے انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام صوبائی دارالحکومتوں سمیت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں کاروانِ بینظیر ریلیاں نکالنے کا اعلان بھی کیا ۔
بلاول بھٹونے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت نے غربت کے خاتمے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا اور آج عالمی ادارے اس کے معترف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ویمن بینک، ویمن پولیس اسٹیشنز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرامز کی بنیاد شہید بی بی نے خود رکھی۔ اس کے علاوہ پی پی پی حکومت نے بے زمین خواتین کسانوں کو زرعی زمین کا مالک بنایا۔
بلاول نے کہا کہ حکومت سندہ نے غربت کے خاتمے کے لیے یو سی سطح پر پروگرام شروع کیا جس سے سندھ کی 6 لاکھ خواتین اور ان کے خاندان مستفید ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق و تحفظ کے لے پی پی حکومت نے قانون سازی کی جبکہ ہماری جماعت خواتین کو معاشی طور مزید خود مختار بنانے لیئے منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے ۔
بلاول نے مطالبہ کیا کہ خواتین کسانوں کی رجسٹریشن کی جائے گی تاکہ وہ آسان قرضے اور دیگر سہولیات سے مستفید ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اقتدار میں آکر خواتین کو چھوٹے و درمیانی سطح کے کاروبار کے لیےآسان قرضے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ فقط پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ خواتین کو خود مختار بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید بی بی کا خواب تھا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی شراکت ہواو ر میں شہید بی بی کے اس خواب کی تکمیل تک جدوجہد کرتا رہوں گا۔