اوکاڑہ کینٹ(نامہ نگار) کاغذ بنانے والی فیکٹری میں دو مزدور کیمیکل والے کنویں میں گر کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کو بچاتے ہوئے دو مزدور بے ہوش ہو گئے۔جنہیں خطرناک حالت میں لاہور ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دیپالپور روڈ اوکاڑہ میں کاغذ بنانے والی فیکٹری میں دو مزدور عمران اور غلام نبی موٹر ٹھیک کر رہے تھے کہ اچانک کیمیکل والے تالاب نما کنویں میں گر گئے۔انہیں بچانے کے لئے دو مزدوروں فاروق اور شکیل نے بھی چھلانگ لگا دی۔عمران اور غلام نبی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔جبکہ فاروق اور شکیل بے ہوش ہو گئے جنہیں خطرناک حالت میں لاہور ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔وقوعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی سی او سقراط امان رانا موقع پر پہنچے اور پیپر ملز کے پلپ ٹینک ایریاکو سیل کر دیا۔اور یہاں پر حفاظتی انتظامات نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے ترجمان ڈپٹی ڈائیریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی کے بقول ملز کے مالک شیخ رضوان کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔