اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کے مرکزی انتخابی بورڈ کو فوری طور پر فعال کرتے ہوئے بورڈ کا ہنگامی اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ جے یو آئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری کے مطابق اجلاس میں مرکزی مجلس عاملہ کے دستوری اراکین شرکت کریں گے ، اجلاس میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کا حتمی فیصلہ ہوگا،صوبائی انتخابی بورڈ کی سفارشات پر غوروخوض ہوگا اور اجلاس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کر دی جائیں گی۔