• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے: گوہر خان

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، میانوالی، لاہور اور اسلام آباد کے حلقوں سے اُن کے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا نواز شریف امپائر کے ساتھ مل کر کھیلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ہمارے امیدواروں کو میدان میں ہی اترنے نہیں دیا جا رہا، ہمیں کنونشن کرنے نہیں دے رہے، ہمارے لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ الیکشن کا اعلان ہو چکا ہے، چاہتے ہیں الیکشن وقت پر ہوں،  کوئی ایسا اقدام نہیں چاہتے جس سے انتخابات میں تاخیر ہو، الیکشن کی طرف جانا چاہیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بارز کا چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا مطالبہ رد کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے استعفی کے مطالبے کے پیچھے محرکات کچھ اور لگ رہے ہیں، نہیں چاہتے اس وقت الیکشن کمشنر کو ہٹایا جائے، نہ ہمارا یہ مطالبہ ہے۔

دوسری جانب اعتزاز احسن نے بارز کے اعلامیے کو ن لیگ کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کُھرا سیدھا اعظم نذیر تارڑ اور نواز شریف کی طرف جاتا ہے، یہ لندن پلان ہے کہ جو تاریخ نواز شریف چاہتے ہیں انتخابات کے لیے وہی ہو۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما اور سینئر قانون دان حامد خان نے بھی بارز کے مطالبے پر شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار کی قیادت جانب دار ہے ، وکلاء کی صحیح ترجمانی نہیں کرتی، یہ لوگ کسی کے اشارے پر ایسا کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید