’میرا گھر میری جنت‘، آپ نے کئی دفعہ لوگوں سے اپنے گھر کو جنت سے تشبیہہ دیتے سُنا ہوگا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ، انسان کو جو سکون اور اطمینان اپنے گھر میں حاصل ہوتا ہے، وہ کہیں اور ممکن نہیں ہے۔ آپ کا گھر آپ کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے اور گھر کی ہر ایک چیز آپ کی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔
آج کل صرف خاتونِ خانہ ہی نہیں بلکہ گھر کے سبھی افراد اس کو قرینے و سلیقے سے رکھنے میں مصروف رہتے ہیں۔ اس کے ساتھ تزئین و آرائش کیلئے نت نئے آئیڈیاز کی تلاش میں بھی سرگرداں نظر آتے ہیں۔ اگر آپ اپنے گھر میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے گھر میں لگے ٹائلز پر ایک نگاہ ڈالنی ہوگی۔ جی ہاں، ٹائلز واقعی آپ کے گھر کو تبدیل کرسکتے ہیں۔
پائیداری کے حوالے سے ٹائلز کو بہترین مٹیریل سمجھا جاتا ہے۔ ٹائلز کی بہت ساری اقسام موجود ہیں، جن کی مدد سے آپ گھر کا پورا منظر نامہ تبدیل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاہ ٹائلز کے پیٹرن، قدرتی یا مصنوعی رنگوں، سائز اور گھر کے مقامات کے لحاظ سے آپ کو لامحدود آپشنز دستیاب ہو جاتے ہیں۔
لاؤنج
اپنے مہمانوں کی خاطر تواضع کے لیے آپ لاؤنج میں مختلف رنگوں کے امتزاج والے ٹائلز لگاسکتے ہیں۔ سیاہ اور سفید ٹائلز کا حسین امتزاج آپ کےلائونج کو منفرد بناسکتا ہے۔ کریمی رنگ کے ٹائلز پر مشتمل دلکش دیواریں اور فرش بھی عمدہ ذوق کی علامت ہیں۔ لاؤنج میں رکھی کافی ٹیبل کا جدید ڈیزائن اس جگہ کی خوبصورتی بڑھا سکتا ہے۔ لاؤنج کے فرش کے لیے ماربل کی ٹائلز استعمال کی جاسکتی ہیں۔
بچوں کا کمرہ
بچوں کے کمروں میں شوخ و چنچل رنگوں کی تھیم یا بولڈ رنگ والے ٹائلز لگانے سے ایک نئی رونق آجاتی ہے۔ بچوں کے لیے بھی تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کا یہ بہترین موقع ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنے بیڈروم میں مزید لطف اُٹھاتے ہیں۔ ٹائلز کے لیے انتہائی شوخ اور خوبصورت رنگ یا پیٹرنز تلاش کریں، ان سے آپ کے بچوں کے ذہن پر عمدہ اثر پڑے گا اور ا ن کے تخیل کو وسعت ملے گی۔
زینہ
اگر اوپر کی منزل تک لے جانے والی سیڑھیاں عمدہ ٹائلز سے مزین ہوں تو پورے گھر کی دلکشی میں بے پناہ اضافہ ہوتاہے۔ اگر یہ سنگ مرمر اور شیشے سے بنی ہوں تو پورا گھر ایک بہت ہی پرتعیش اور خوبصورت احساس پیدا کرتا ہے۔
کچن
اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کا کچن آپ کے گھر کا دل ہوتاہے۔ کچن میں لگے ٹائلز اس کی دلکشی اور خوبصورتی میں زبردست کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر کچن کے ٹائلز شوخ رنگ کے ہوں اور ان سے زندہ دلی جھلکے تو تمام تاثر خوشنما لگتا ہے۔ رنگا رنگ اور تخلیقی ٹائلز لگانے سے نا صرف ایک دیدہ زیب کچن کا حصول آسان ہو جاتا ہے بلکہ یہ آپ کے بجٹ میں بھی آجاتے ہیں۔ مزید یہ کہ ٹائلز بہت پائیدار ہوتے ہیں انہیں بھاپ ، دھوئیں یا تیل کے چھینٹوں سے بھی نقصان نہیں پہنچتا۔ ٹائلز کو صاف کرنا بھی بہت آسان ہوتا ہے، عموماً اس میں زیادہ محنت نہیں لگتی۔ ان کی صفائی کے لیے تھوڑا سا صابن یا سرف استعمال کریں، یہ پھر سے چمکنے لگیں گے۔
فرش
اس بات کو یقینی بنائیں کہ کچن کے فرش کے لیے استعمال کیے جانے والے ٹائلزا س کی شیلفس اور کیبنٹس کے رنگوں اور مٹیریل سے مطابقت رکھتے ہوں۔ دراصل کچن کی تزئین و آرائش کرتے وقت ہم فرش کو نظر انداز کردیتے ہیں حالانکہ چمکتے خوبصورت نمونوں سے مزین ٹائلز کچن کو ایک بھرپور انداز دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ صفائی میں آسانی کی وجہ سے آپ کو فرش پر پھیلنے والی کسی بھی چیز کی فکر کرنے کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔
ہر کمرے کا منفرد فرش
گھروں کو ڈیزائن کرنے کا ایک بہت ہی جدید طریقہ یہ ہے کہ اس کیلئے ’اوپن پلان ‘ کا انتخاب کریں۔ تاہم اپنے گھر کے ہر کمرے کے فرش میں الگ اور منفرد ٹائلز یا مٹیریل استعمال کریں، جیسے ڈائننگ روم یاکچن کیلئے ٹائلڈ فرش جبکہ دوسرے کمروں میں لکڑی کا فرش یا ماربل استعمال کریں۔
باتھ روم
باتھ روم کا خوبصورت اور صاف ستھرا ہونا بہت ضروری ہے۔ اس کی دیواریں عمدہ ٹائلز اور مختلف رنگوں کے دلکش امتزاج سے شاندار اسٹائل میں بنوائی جاسکتی ہیں۔ چمکدار اور جاذبِ نظر ٹائلز کے علاوہ گہرے رنگوں کے حسین ملاپ کی صورت موڈ کو بہتر کرنے والا ڈیزائن آجکل کافی مقبول ہے۔ باتھ روم میں خوبصورت سفید رنگ کے ٹائلز کے ساتھ فیروزی رنگ کمال دلکشی دکھا سکتا ہے۔
ہوم آفس
ہوم آفس کے بارے میں ہم کچھ منفرد نہیں سوچتے، جس کے باعث وہ بور نگ لگتاہے۔ اگر آپ اپنے ڈرائنگ روم یا لیونگ روم کو ’کارنر آفس‘ کار نگ دینے والے ہیں تو پھر اس جگہ کو دیدہ زیب اور فنکشنل بنانا ہوگا۔ کارنر آفس میں استعمال ہونے والی کیبنٹس، درازوں اور مولڈنگ کو سفید رنگ کے ذریعے نفاست دی جاسکتی ہے۔
مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ رنگ ہماری توجہ اور تخلیقی صلاحیتوں پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ دیوار یا فرش کے لیے ٹائلز کے دیدہ زیب پیٹرنز ہوم آفس کو خوبصورت بناسکتے ہیں، اس طرح آپ کو ارتکاز توجہ میں مدد بھی ملے گی۔