• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا شروتی ہاسن نے خفیہ طور پر شادی کرلی ہے؟

شروتی ہاسن اور انکے بوائے فرینڈ سنتانو ہزاریکا شادی کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے --- فائل فوٹو
شروتی ہاسن اور انکے بوائے فرینڈ سنتانو ہزاریکا شادی کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے --- فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف شخصیات کے ساتھ دکھائی دینے اور تصاویر بنوانے والے اورہان اوترمانی المعرف اوری نے باتوں ہی باتوں میں اداکارہ شروتی ہاسن کی خفیہ شادی کا اعلان کردیا۔

بحث و مباحثے کے آن لائن پلیٹ فارم ریڈٹ پر سوال جواب کے سیشن کے دوران جب اوری سے سوال پوچھا گیا کہ ’ہائی، اوری کیا ایسی کوئی معروف شخصیت ہے جس نے آپ کے ساتھ تصویر کھنچواتے ہوئے بلاوجہ نخرے دکھائے ہوں؟ اگر آپ نام نہیں لے سکتے تو کوئی اشارہ دے دیں‘۔

سوشل میڈیا صارف کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے اوری نے ناصرف بھارتی اداکار کمال ہاسن کی بیٹی و اداکارہ شروتی ہاسن کا واضح طور پر نام لیا بلکہ ان کی خفیہ شادی کا بھی عندیہ دے دیا ، جس کے بعد اداکارہ کی شادی سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔

اوری نے صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ شروتی ہاسن لیکن تصویر کھچوانے کے لیے نہیں کیونکہ میں نے کبھی ان سے تصویروں کے لیے پوچھا ہی نہیں بلکہ ایک تقریب کے دوران انہوں نے میرے ساتھ بہت برا رویہ اختیار کیا۔

انہوں نے مزید وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ میں تو شروتی کو جانتا بھی نہیں پھر بھی وہ میرے ساتھ ایسے پیش آئیں کہ میں ان کے پیچھے پڑ گیا ہوں، جو مجھے بہت بُرا لگا لیکن شاید کوئی غلط فہمی ہوئی ہوگی کیونکہ ان کے شوہر میرے ساتھ اچھی طرح پیش آئے اور وہ مجھے کافی اچھے لگے۔

اوری نے امید ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ممکن ہے کہ ان کے درمیان وقت کے ساتھ معاملات ٹھیک ہوجائیں، لیکن میں نے یہ بھی سنا ہے کہ شروتی میرے پیٹ پیچھے میرے لیے پیون یا اسپاٹ بوائے جیسے الفاظ استعمال کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل اداکارہ شروتی ہاسن نے دوران انٹرویو شادی سے متعلق سوال پر کہا تھا کہ انہیں شادی کے لفظ سے خوف آتا ہے، وہ اور ان کے دیرنیہ بوائے فرینڈ سنتانو ہزاریکا ایک ساتھ بہت خوش ہیں اور شادی کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہتی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید