سکھر (بیور ورپورٹ/ چوہدری محمد ارشاد) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کرکٹ کے میدان میں پہنچے تو جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو میں جوان ہوں تین اوور میں 3 چھکے اور 4 چوکے لگا کر گراؤنڈمیں موجو د کھلاڑیوں کو حیران کردیا۔ خیال رہے کہ سید خورشید احمد شاہ سکھر کی کرکٹ سے اسکول کے دور سے وابستہ ہوئے اور بطور آل رائونڈر کافی عرصے تک شہید عزیز بلوچ کرکٹ کلب کی نمائندگی کی ۔ وہ طویل مدت تک سکھر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے مختلف عہدوں پر بھی فائز رہے۔ سید خورشید احمد شاہ نے گزشتہ رات میونسپل اسٹیڈیم میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر ماضی کی جھلک پیش کی اور ٹورنامنٹ کے افتتاح کے بعد موجود کھلاڑیوں سے بولنگ کرانے کی فرمائش کی ۔ انہوں نے تین اوورز تک بیٹنگ کی اور زور دار اسٹروک کھیلے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اب بھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں لیکن سیاست اجازت نہیں دیتی، جب بھی موقع ملے گا میں آپ کے ساتھ کرکٹ کھیلوں گا جس پر گراؤنڈ میں موجود کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر ان کو ویلکم کہا۔