بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کرنے والے مرحوم حریت رہنما سید علی گیلانی کی جماعت تحریک حریت جموں و کشمیر کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
بھارتی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنا ایک بیان جاری کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے بیان میں لکھا ہے کہ تحریک حریت جموں و کشمیر کو ’یو اے پی اے‘ ایکٹ کے تحت غیرقانونی قرار دے دیا گیا ہے۔
امیت شاہ نے لکھا کہ یہ جماعت جموں و کشمیر کو بھارت سے الگ کرکے ایک اسلامی حکومت قائم کرنے کی ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ یہ جماعت جموں و کشمیر میں بھارت مخالف جذبات کو ہوا دینے کے لیے بھارت مخالف پروپیگنڈا اور دہشت گردی کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
امیت شاہ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ مودی جی کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے اس لیے کسی بھی فرد یا تنظیم کو بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اسے فوری طور پر ناکام بنایا جائے گا۔