بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف فنکار عامر خان کی بیٹی ایرا خان گزشتہ رات پیا گھر سدھار گئیں۔
عامر خان کی پہلی اہلیہ رینا دتہ سے بیٹی ایرا خان نے اپنے ہندو بوائے فرینڈ نوپور شیکھرے سے شادی کی ہے جو کسی وقت عامر خان کے فٹنس ٹرینر بھی رہ چکے ہیں۔
بھارتی سوشل میڈیا پر اس وقت ایرا اور نوپور کی منفرد انداز میں کی گئی شادی کے خوب چرچے ہو رہے ہیں جس کی وجہ دولہا دلہن کا غیر روایتی انداز ہے۔
ایرا خان نے اپنی شادی پر لال یا ہلکے رنگ کا لہنگا پہننے کے بجائے چولی، شلوار اور دوپٹہ پہنا ہوا تھا، ایرا خان کے ہاتھ میں چوڑیوں یا بھاری بھرکم کنگنوں کے بجائے اسمارٹ واچ نظر آئی۔
ایرا خان نے اونچی ہیل والی سینڈل کے بجائے اپنی زندگی کے اہم ترین دن پر کولہا پوری سادہ سی جوتی پہنی ہوئی تھی۔
دوسری جانب دولہا میاں نوپور شیکھرے بارات لاتے ہوئے 8 کلو میٹر کی جاگنگ کرتے ہوئے آئے تھے، انہوں نے اپنی شادی پر خود ڈھول بھی بجایا۔
اس دوران نوپور نے مہنگی ترین شیروانی کے بجائے ایک بنیان اور شارٹ پہنا ہوا تھا اور اسی طرح انہوں نے باراتیوں کے ساتھ انٹری بھی دی۔
ایرا کی شادی کے دوران عامر خان کی دونوں سابقہ بیگمات بھی ایک ہی تقریب میں نظر آئیں۔
عامر خان سب ہی مہمانوں کے ساتھ ساتھ اپنی سابقہ بیگمات کے ہمراہ بھی خوب گھلتے ملتے نظر آئے۔