بھارتی ریاست پنجاب کے شہر چندی گڑھ میں مشہور بھارتی گلوکار بادشاہ کے کلب کے باہر جو دھماکے ہوئے ان کی ذمے داری لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کر لی ہے۔
گلوکار بادشاہ کے کلب کے باہر یہ دھماکے ہونے کے بعد لارنس بشنوئی گینگ کے ممبر گولڈی برار نے اپنی فیس بک پوسٹ میں ان دھماکوں کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم کلب کے مالکان کو ’بھتے کی رقم‘ حاصل کرنے کے لیے کالز کر رہے تھے لیکن اُنہوں نے کالز کو نظر انداز کر دیا۔
گولڈی برار نے پوسٹ میں دھماکے کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ یہ دھماکے کلب کے مالکان کو وارننگ دینے کے لیے کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بادشاہ کے چندی گڑھ میں موجود مشہور کلب کے باہر کچھ دن پہلے رات کے 3 بجے کے بعد 15 منٹ کے وقفے سے 2 دھماکے ہوئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چندی گڑھ میں رات گئے ہونے والے ان دھماکوں کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن کلب کے سامنے والے حصے کو نقصان پہنچا اور ریسٹورینٹ کے شیشے ٹوٹ گئے۔