سڈنی ٹیسٹ میچ کا تیسرا دن آج پاکستان ٹیم کے لیے بولنگ کے حوالے سے اچھا جبکہ بیٹنگ کے حوالے سے مایوس کُن رہا۔
تیسرے دن آسٹریلوی ٹیم کے پہلی اننگ میں 299 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے 14 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو عبداللّٰہ شفیق ایک مرتبہ پھر پہلی اننگ کی طرح صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
اس بار بھی مچل اسٹارک نے انہیں پہلے ہی اوور میں آؤٹ کیا۔
اگلے اوور میں پاکستان کی دوسری وکٹ بھی گر گئی، کپتان شان مسعود پہلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں صائم ایوب اور بابر اعظم نے پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کا اسکور 58 تک پہنچایا جس کے بعد صائم ایوب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کچھ ہی دیر بعد پاکستان کی چوتھی وکٹ 60 رنز پر گر گئی جب بابر اعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں، چھٹی اور ساتویں وکٹ 67 رنز پر ایک ہی اوور میں گری۔ سعود شکیل 2 جبکہ ساجد خان اور آغا سلمان کو صفر پر جوش ہیزل ووڈ نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان ٹیم نے 7 وکٹ کے نقصان پر 68 رنز بنالیے۔ محمد رضوان 6 اور عامر جمال صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کو آسٹریلیا پر 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔
اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم آج اپنی پہلی اننگ میں 299 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
آج کے روز آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 187 رنز پر گری، اسٹیو اسمتھ کو 38 رنز پر میر حمزہ نے آؤٹ کیا جبکہ چوتھی وکٹ بھی اسی یعنی 187 رنز پر گری۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارنس لبوشین تھے، وہ 60 رنز پر آغا سلمان کی بال پر بولڈ ہوئے جبکہ ٹریوس ہیڈ 10 رنز بنا سکے۔
آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 289 رنز پر گری، ایلکس کیری کو 38 رنز پر ساجد خان نے بولڈ کیا جبکہ 293 رنز پر ساتویں وکٹ عامر جمال کے حصے میں آئی جب انہوں نے مچل مارش کو 54 رنز پر آؤٹ کیا۔
اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم کچھ خاص نہ کرسکی اور پوری ٹیم 299 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ آخری تین بیٹرز پیٹ کمنز، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ کو عامر جمال نے آؤٹ کیا۔
پہلی اننگ میں عامر جمال نے 6، آغا سلمان 2 جبکہ میر حمزہ اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 313 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔