• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: دوسروں کو ہوشیار کرنیوالا آئی ٹی ایکسپرٹ خود آن لائن فراڈ کا شکار

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

عام صارفین ہو یا آئی ٹی ایکسپرٹ آج کل آن لائن فراڈ سے کوئی محفوظ نہیں، گھر بیٹھے کمانے کی چاہ میں بھارتی آئی ٹی ایکسپرٹ سائبر کرائم کا شکار ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر پونا سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ آئی ٹی ایکسپرٹ اویناش کرشناکٹی کنو برم جو دوسروں کو آن لائن فراڈ سے ہوشیار اور محفوظ رہنے کے طریقے بتایا کرتا تھا خود آن لائن فراڈ گینگ کے ہاتھوں لٹ گیا۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آئی ٹی ایکسپرٹ کو گزشتہ برس مارچ میں گھر بیٹھے کام کرنے سے متعلق پیغام موصول ہوا۔

آئی ٹی ایکسپرٹ نے موصول ہونے والے پیغامات پر عمل کرتے ہوئے ابتداً کچھ پیسے کمائے تاہم جب اس کا فراڈ کرنے والوں پر بھروسہ بڑھ گیا تو انہوں نے آئی ٹی ایکسپرٹ کو زیادہ رقم کمانے کا جھانسہ دیا۔

فراڈ کرنے والوں نے آئی ٹی ایکسپرٹ سے کہا کہ اگر وہ زیادہ کمانا چاہتا ہے تو سرمایہ کاری کرنا پڑے گی اور جتنا زیادہ سرمایہ وہ لگائے گا اُتنا ہی زیادہ ریٹرن اُسے ملے گا۔

بس پھر کیا تھا، آئی ٹی ایکسپرٹ فراڈیوں کی باتوں میں آ گیا اور سرمایہ کاری کرتا چلا گیا، ابتداً کچھ منافع اسے ادا کیا گیا لیکن جیسے جیسے بھروسہ بڑھتا گیا آئی ٹی ایکسپرٹ بھی ویسے ویسے مزید سرمایہ کاری کرتا گیا۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جیسے ہی آئی ٹی ایکسپرٹ نے بھارتی مالیاتی روپے میں 20 لاکھ سے زائد کی سرمایہ کاری کی تو اس مذکورہ فراڈ گینگ نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا اور سب کچھ لوٹ کر رفو چکر ہو گیا۔

واضح رہے کہ  آن لائن فراڈ گینگ  آئی ٹی ایکسپرٹ سے مختلف سوشل میڈیا پوسٹس لائک کروانے کا کام کرتا تھا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید