• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس مظاہر کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس اعجاز الاحسن نے بھی استعفیٰ دے دیا

جسٹس اعجاز الاحسن: فوٹو فائل
جسٹس اعجاز الاحسن: فوٹو فائل

سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے  استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس اعجازالاحسن نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا، جس کی تصدیق ایوان صدر کے ذرائع نے بھی کردی ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے آج سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔

سپریم کورٹ کے اگلے  چیف جسٹس کیلئے جسٹس اعجازالاحسن کا نام سب سے اوپر تھا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے اکتوبر میں چیف جسٹس آف پاکستان بننا تھا، جسٹس اعجاز الاحسن سینیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن پانامہ کیس میں نواز شریف کے خلاف کیس میں مانیٹرنگ جج تھے۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے آج مستعفی جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جسٹس منصور علی شاہ اگلے چیف جسٹس آف پاکستان بنیں گے، جسٹس اعجاز الاحسن کے استعفے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل میں بھی تبدیلیاں ہوں گی،  جسٹس اعجازالاحسن کے استعفے کے بعد جوڈیشل کمیشن کی ہیئت میں تبدیلی ہوگی۔

جسٹس اعجازالاحسن نے دو روز قبل سابق جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف کارروائی سے اختلاف کیا تھا۔

کونسل کے 4 اراکین نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز جاری کیا تھا جس سے جسٹس اعجاز الاحسن نے اختلاف کیا تھا۔

اپنے اس اختلافی نوٹ میں جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریر کیا کہ جسٹس مظاہر نقوی کو جاری ہونے والا شو کاز واپس لیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید