• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلے کا معاملہ سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن، پارٹی کے درمیان ہے، بلاول


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انتخابی نشان کا معاملہ سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن اور پارٹی کے درمیان ہے، ایک دو دن کی بات ہے پتا چل جائے گا۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم بنے تو ان کا ایجنڈا ہوگا کہ سیاسی مخالفین کو بند کردیں، انتقامی سیاست کریں، سب سے حساب لیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف وزیراعظم بنے تو وہ ماضی کو دیکھتے ہوئے آج کو نقصان پہنچائیں گے، ن لیگ اور پی ٹی آئی نفرت کی سیاست کو انتہا پر لے گئے ہیں،پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے کہ وہ پورے ملک کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہماری خواہش ہے ہم پاکستان کو ماڈرن ریاست بنائیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان اور اسلام کا اصل چہرہ سامنے آئے، ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کریں گے، چاہتے ہیں کہ ہم مل کر عوام کی خدمت کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات ہونی چاہئیں، انصاف ملنا چاہیے، ہم دنیا کے سامنے پاکستان کا پُرامن چہرہ سامنے لانا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، بلاول بھٹو نے ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے، انہوں نے آج 127 کی بات ہی نہیں کی، مجموعی بات کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید