لاہور (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سینیٹ تو کیا اقوام متحدہ اور او آئی سی بھی قرارداد منظور کیوں نہ ہو جائے الیکشن 8فروری کو ہی ہونگے، پی ٹی آئی اپنے بانی چیئرمین کو جیل سے بچانے اور ن لیگ اپنے قائد کو کیسز سے بچانے کیلئے انتخابات لڑ رہی ہے، ہم شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن چاہتے ہیں، لاہور میں جتنا کام کیا اتنا پورے ملک میں کرنے کی ضرورت نہیں؟ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ لاہور میں جتنا کام کرنے کی ضرورت ہے اتنا پورے پاکستان میں کرنے کی ضرورت نہیں، یہاں عوام کے مسائل کی طرف توجہ نہیں ہوتی اشرافیہ کی طرف توجہ ہوتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم مہنگائی اور غربت کا مسئلہ حل کرینگے، اس الیکشن میں سلیکشن کا مقابلہ کرینگے، الیکشن ہر صورت میں 8 فروری کو ہونگے، چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ پتھر پر لکیر ہے 8فروری کو الیکشن ہونگے۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی برابری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہم ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے حامی ہیں، پیپلزپارٹی ہر طبقے کی نمائندہ جماعت ہے، لاہور کے شہریوں کے مسائل سے آگاہ ہوں، لاہور میں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں، پیپلزپارٹی کو ہر الیکشن میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔