• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ الیکشن ایسے لڑنا ہے جیسے زندگی اور موت کا مسئلہ ہو، بلاول بھٹو


بلاول بھٹو زرداری: فوٹو ایکس
بلاول بھٹو زرداری: فوٹو ایکس

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن ایسے لڑنا ہے جیسے زندگی اور موت کا مسئلہ ہو، کسی بھی سیاسی جماعت میں آپ کے مسائل حل کرنے کیلئے دلچسپی نہیں، کرسی کیلئے انہوں نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کر دیا ہے۔

بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں، پاکستان مشکل وقت میں ہے، ملک میں تاریخی معاشی بحران ہے، مہنگائی، غربت میں اضافہ ہو رہا ہے، پہلے بھی معاشی بحران سے نکلنے کیلئے قائد عوام نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا، ہم نےکسان کوحقوق دیے، پسماندہ علاقوں کی نمائندگی کی، ہمیں ایک بار پھر انقلابی منشور کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، پیپلز پارٹی 10 نکاتی ایجنڈے پر الیکشن لڑ رہی ہے، ہماری حکومت بنی تو تمام 10 نکات پر عمل درآمد کروں گا، تنخواہیں ڈبل، غریب عوام کو 300 یونٹس بجلی فری دوں گا، مفت تعلیمی ادارے قائم کریں گے، بہاولپور میں این آئی سی وی ڈی کا اسپتال بناؤں گا، ہم جنوبی پنجاب کے ہر ضلع میں اسپتال بنائیں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ قائد عوام جب وزیراعظم تھے تو انہوں نے آپ کو زمین کا مالک بنایا تھا، میں بھی پاکستان کے غریب عوام کیلئے 30 لاکھ گھر بنانا چاہتا ہوں، میں مالکانہ حقوق بھی دلواؤں گا، بانی پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے اقدامات نہیں کروں گا، پی پی کی حکومت بنے گی تو ہم سب کو مالکانہ حقوق دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے، مزدوروں اور کسانوں کے لیے بے نظیر کارڈ لے کر آئیں گے، کسان کارڈ کے ذریعے انشورنس پالیسی بھی لے کر آئیں گے، نوجوانوں کو مالی مدد اور روزگار دیں گے، ہر یونین کونسل سے بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کروں گا، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، بےروزگاری، غربت اور مہنگائی سے ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ الیکشن کا سیزن ہے، پیپلز پارٹی کا فوکس پنجاب میں ہے، میں لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں، پیپلز پارٹی ہی جیتے گی، پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کے ساتھ صوبائی حکومتیں بھی بنائے گی، وزیراعظم جیالا ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید