راولپنڈی(نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کیلئے اپنی خدمات کے عوض قلم دوات کے نشان پر انتخابات میں حصہ لے رہا ہوں۔ اس بار بھی میرا مقابلہ منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے ساتھ ہوگا۔ گزشتہ روز لال حویلی سے الیکشن مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا اور راشد شفیق کا مقابلہ ان بدنام زمانہ منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے ساتھ ہے جنہیں اس بار پی ڈی ایم کی سرپرستی حاصل ہے لیکن اس بار بھی راولپنڈی کے پڑھے لکھے لوگ انہیں عبرتناک شکست دیں گے۔ اس موقع پر مختلف یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شیخ رشید احمد اور شیخ راشد شفیق کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ادھر اپنے ایک ویڈیو بیان میں اپنے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو ٹکٹ ملنے پر تاسف اور ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنا معاملہ اللّٰہ پر چھوڑتا ہوں لیکن دوستی نبھاؤں گا۔