ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دوحہ کے مسافر کے قبضے سے ایک کلو گرام سے زائد آئس ہیروئن برآمد کرلی۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق مسافر راشد اشفاق دوحہ جانے کے لیے اسلام اباد ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ اے ایس ایف کے ماہر عملے نے مسافر کے سامان کی اسکیننگ کے دوران دستی بیگ کو مشکوک قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ باریک بینی سے تلاشی کے دوران اس بیگ سے منشیات برآمد ہوئی۔ مسافر راشد اشفاق نے آئس ہیروئن دستی بیگ کے اندر نہایت مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے منشیات کی سمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔
ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) حکام کے حوالے کر دیا گیا۔