• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے علی رضا سید کی کوششیں قابل ستائش ہیں، ڈاکٹر فیصل

پاکستانی ہائی کمشنر برائے برطائیہ ڈاکٹر فیصل اور چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید۔
پاکستانی ہائی کمشنر برائے برطائیہ ڈاکٹر فیصل اور چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید۔

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے یورپ میں کشمیر کاز کےلیے چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کی خدمات کو سراہا ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے گذشتہ روز پاکستانی ہائی کمشنر سے لندن میں ملاقات کی، جس کے دوران مسئلہ کشمیر اور خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو یورپ میں اجاگر کرنے کے حوالے سے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے مسئلہ کشمیر خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل کو یورپ میں اجاگر کرنے کےلیے چیئرمین کشمیر کونسل ای یو کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کوششیں قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے علی رضا سید کو ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی طرف سے انسانی حقوق کا ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی اور ان کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں آئندہ ماہ فروری کے انتخابات کے بعد بننے والی نو منتخب حکومت کے آنے سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مشکلات دن بدن بڑھ رہی ہیں اور بھارت کشمیر پر اپنا غیرقانونی قبضہ برقرار رکھنے کے لیے مظلوم کشمیریوں پر سنگین مظالم جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی حالیہ رپورٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکام کی طرف سے ماورائے عدالت قتل اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین پامالیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

علی رضا سید نے مزید کہا کہ جب تک بھارت انسانی حقوق کی پامالیاں روک نہیں لیتا اور اس مسئلہ کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، ہم یورپ میں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کا فرض بنتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

قومی خبریں سے مزید