• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام پاکستانی ایئرلائنز کو ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کی ہدایت


تمام پاکستانی ایئرلائنز کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری طرف ایرانی سول ایوی ایشن نے نوٹم جاری کیا ہے جس کے تحت ایران نے اپنی فضائی حدود میں بعض مخصوص فضائی روٹس پر کمرشل ایئرلائنز کے طیاروں کو پرواز سے روک دیا ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ پاک ایران سرحدوں پر کشیدہ صورتحال کی وجہ سے پاکستانی ایئرلائنز کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

یورپ اور سنٹرل ایشیا سے آنے والی پی آئی اے سمیت تمام ملکی ایئرلائنز کو مسقط کے فضائی روٹ سے بحیرہ عرب کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب آنے اور جانے والی پروازوں کو بھی ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے روک دیا گیا ہے ۔

یورپ اور ترکیہ سمیت مغربی ممالک سے پاکستان آنے جانے والی پروازوں کو بھی ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر ایران ایوی ایشن نے دنیا بھر کی ایئرلائنز کو نوٹم جاری کرکے اپنی فضائی حدود میں بعض فضائی روٹس کو کمرشل ایئرلائنز کی پروازوں کیلئے بند کرد یا ہے۔

سی اے اے ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان سے مغرب کی جانب جانے والی پاکستانی ایئرلائنز ایران کی بجائے اب مسقط عمان کی فضائی حدود استعمال کر رہی ہیں۔ پی آئی اے کی جن پروازوں کیلئے عمان کی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہیں وہ فی الحال ایرانی حدود استعمال کر سکتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید