• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کو جواب دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا، ن لیگ و پی ٹی آئی سینیٹرز

مشاہد حسین سید (دائیں)، ولید اقبال (بائیں) ۔فوٹو: فائل
مشاہد حسین سید (دائیں)، ولید اقبال (بائیں) ۔فوٹو: فائل

پاکستان اور ایران کی موجودہ صورت حال پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے سینیٹرز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس ایران کو جواب دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر مشاہد حسین سید اور تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایران کو جواب دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا لیکن اب دونوں ممالک کو مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے، مذاکرات نہیں کیے گئے تو اس کا فائدہ اسرائیل، بھارت اور امریکا اٹھائیں گے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں کشیدگی سے اسرائیل کے فلسطین پر مظالم سے توجہ ہٹے گی، ایران کے حملے نے غزہ کی صورتحال پر یکجہتی میں دراڑ ڈالی، ہمارا خیال تھا کہ شام تک شاید ایران اپنی حرکت پر معذرت کرلے گا، امریکا نے جب سلالہ پر حملہ کیا تو ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ معافی مانگیں۔

سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ پاکستان نے حساب چکا دیا، اب ہمیں امن کو مقدم رکھنا چاہیے، بین الاقوامی ایسے پلیئرز ہیں جو چاہیں گے پاکستان ایران میں کشیدگی رہے، ہمیں ان قوتوں کے ہاتھ میں نہیں کھیلنا چاہیے امن بحال رکھنا چاہیے، چین نے معاملے پر جس طرح بیان دیا ہے اس پر سوچنا چاہیے۔

تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ہے، ملیحہ لودھی

پروگرام میں شریک اقوام متحدہ میں سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ہے، پاکستان نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل نہیں کیے۔

ملیحہ لودھی۔ فوٹو: فائل
ملیحہ لودھی۔ فوٹو: فائل

ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی سے داعش کو فائدہ ہوگا، پاکستان اور ایران کے تعلقات بہتری کی طرف جا رہے تھے، ایسے وقت میں ایران کے اس حملے پر حیرانی ہوئی، پاکستان اور ایران مل کر مذاکرات سے مسئلہ حل کر سکتے ہیں، ثالثی کی ضرورت نہیں، ضروری ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے سیکیورٹی تحفظات کو سنیں۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ شروع ایران نے کیا ہے، ایران کی حرکت پر حیرت ہوئی اور صدمہ ہوا، ایران کے میزائل حملے میں دو معصوم بچے شہید ہوئے، پاکستان نے تمام عمل میں صبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان ایران میں کشیدگی کا نقصان امت مسلمہ کو ہے، پاکستان ایران میں کشیدگی کا فائدہ اسرائیل بھارت امریکا کو ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید