مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور این اے 127 کے امیدوار عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں شیر کا شکار کروں گا، اُن سے کہتا ہوں بیٹا آپ بڑے ہوجاؤ۔
لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں عطا تارڑ نے کہا کہ آنے والا دور شیر کا ہے، نواز شریف نے اس حلقے کو آباد کیا جبکہ پیپلز پارٹی نے 15 سال میں کراچی کو تباہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کرپشن کے نوٹ لے کر لاہور آئے ہیں، میں تو کہتا ہوں آپ نوٹ بانٹتے جائیں اور ہم ووٹ نکالتے جائیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بلاول کہتے ہیں شیر کا شکار کروں گا بیٹا آپ بڑے ہوجاؤ، کراچی والے بھی کہہ رہے ہیں کہ ہمیں نواز شریف اور شہباز شریف چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا امیدوار گھڑیال کا نشان لے کر گھوم رہا ہے۔