عام انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سول سیکریٹریٹ پنجاب میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پنجاب کے چیف سیکریٹری، الیکشن کمشنر اور آئی جی پولیس نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنرز کو تربیت کے دوران غیر حاضر پولنگ اسٹاف کے خلاف کارروائی کی ہدایات کی گئیں۔
چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تربیت کے دوران عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے، غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
زاہد اختر نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات اہم قومی ذمے داری ہے، مطلوبہ فنڈز مہیا کر دیے، انتظامات میں کسی قسم کی کمی قابل قبول نہیں ہو گی، ڈپٹی کمشنرز انتخابات کی تیاریوں کا روزانہ جائزہ لیں۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر پولنگ بیگ کی تیاری کی خود نگرانی کریں، پولنگ اسٹیشنز پر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ شکایات کے ازالے کے لیے کنٹرول رومز کو مزید فعال کیا جائے، انتخابی عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلا تفریق یکساں مواقع دیے جائیں۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ دفعہ 144 کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ نمائش پر یکم تا 12 فروری پابندی ہو گی، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کے انتظامات مکمل ہیں، آرمی، رینجرز اور پولیس کے دستے 5 اور 7 فروری کو فلیگ مارچ کریں گے۔