متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ مجھے 5 سال ملے تو پیپلز پارٹی لاڑکانہ سے بھی نہیں جیت سکے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی جس دن میری تعریف کرے گی تو وہ میرے لیے برا دن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لوگ اگر مجھ پر تنقید کر رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ میں ٹھیک کام کر رہا ہوں۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا آپ مجھے 5 سال کے لیے سندھ دیں، دیکھتے ہیں پیپلز پارٹی پھر لاڑکانہ میں کیسے جیتتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی شہر پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، آج پارٹی متحد اور منظم بھی ہے، پیپلز پارٹی کوئی ایک یو سی بتادے جو 15 سال میں بناچکی ہو۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو نے لاہور کو کراچی بنادیا تو وہاں بھی بچے گٹروں میں گرتے رہیں گے، پیپلز پارٹی کے پاس الیکشن جیتنے کے لیے کارکردگی کوئی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی جیت کر ثابت کریں گے کہ یہ بلدیاتی حکومت جعلی ہے، جو آج گلے پھاڑ کر بیانات دے رہے ہیں یہ ہمارے دروازے پر ووٹ کے لیے آئیں گے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو کو ایم کیو ایم کے بغیر وزیراعظم بناسکتے ہیں تو بنا کر دکھادیں، ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم سب سے اچھے ہیں ہم ان بروں میں سب سے کم برے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی والے کہتے ہیں لندن سے بائیکاٹ ہوگا اور ہم جیت جائیں گے، ہم جانتے ہیں کون دبئی میں بیٹھ کر ڈیل کر رہا ہے اور کون کراچی میں بیٹھ کر۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ این اے 243 میں پیپلز پارٹی نے ہمارے 3 عہدیداروں کو شہید کیا جبکہ منگھو پیر اور سرجانی میں بھی ساتھیوں کو شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی نے لاہور کو کراچی بنایا تو پینے کا پانی خریدنا پڑے گا، ہم الیکشن جیت کر غلط کام کرنے والوں کے خلاف کھڑے ہوں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم آج متحد ہے، کراچی کے لوگوں نے کل ریفرنڈم کردیا، کل کراچی کے لوگوں کا دیکھ کر انکی نیندیں اڑ گئی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کل باغ جناح میں عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، کل ہمارا جلسہ نہیں تھا الیکشن ڈے تھا، ایم کیو ایم نے مردم شماری کے ذریعے 73 لاکھ لوگ بحال کرائے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پی ٹی آئی انتخابی مہم چلائے اور عوام کو بتائے کہ 4 سال کے دوران انہوں نے کراچی کےلیے کیا کیا۔ پی ٹی آئی ہمیں اپنے دفاتر بتادیے کہاں کہاں ہیں، ہم انہیں سیکیورٹی فراہم کریں گے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ہمارا پی ٹی آئی سے کوئی مقابلہ نہیں، وہ تو خود اختتام تک جارہی ہے، گزشتہ الیکشن میں 14 سیٹیں ملیں جبکہ یہ اُس وقت بھی 2 سے 3 سیٹوں کی توقع کررہے تھے۔