کراچی(اسٹاف رپورٹر) لیاری باکسنگ اور فٹبال کی نرسری ہے، جہاں سے کئی عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی نکلے اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ اس بات کا اظہار وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی نادیہ گبول نے پیپلز اسٹیڈیم لیاری میں وومن باکسنگ کوچنگ میں شامل خواتین کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے کھلاڑیوں کے لئے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ قبل ازیں سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز محمد راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا محکمہ سب سے زیادہ توجہ لیاری میں باکسنگ کے فروغ پر دے رہا ہے لیاری باکسنگ کا گڑھ ہے اور ماضی میں یہاں سے بے شمار کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ بعد ازاں کوچنگ کیمپ میں شرکت کرنے والی ان56 خواتین کو جنہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا محکمہ کھیل کی جانب سے نادیہ گبول اور سیکریٹری اسپورٹس محمد راشد نے فی کس دس دس ہزار روپے کیش انعامات سے نوازا اس موقع پر سیکرٹری نے عید کے بعد خواتین باکسنگ مقابلوں کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔ سندھ باکسنگ ایسو سی ایشن کے سیکرٹری اصغر بلوچ، نائب صدر عابد بروہی، عبدالغنی درویش، رسول بخش، فتح محمد، محمد حسین قمبرانی اور دیگر باکسنگ کے عہدیداران نے سیکرٹری اسپورٹس محمد راشد کا باکسنگ پر خصوصی توجہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔