چین اور کرغزستان کے سرحدی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز شمال مغربی چین کے ووشی کاؤنٹی کا پہاڑی علاقہ ہے اور اس کی گہرائی 22 کلومیٹر ہے۔
چینی ارتھ کوئیک نیٹ ورک سینٹر کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد 40 آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے شدید جھٹکوں کی وجہ سے ریلوے کا نظام بھی متاثر ہوا ہے، محکمہ ریلوے نے 27 ٹرینیں روک دی ہیں۔
دوسری جانب ازبکستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، وہاں زلزلے کی شدت 4 ریکارڈ کی گئی ہے۔