• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

76 سال بعد بھی قائداعظم کے پاکستان سے دور ہیں، شہباز شریف

شہباز شریف: فوٹو ایکس پاکستان مسلم لیگ ن
شہباز شریف: فوٹو ایکس پاکستان مسلم لیگ ن

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 76 سال گزرنے کے بعد بھی ہم قائداعظم کے پاکستان کی منزل سے دور ہیں، پچھلی حکومتوں کے اچھے منصوبوں کو بند کر دینا المیہ ہے۔

لاہور میں طلبہ و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ قومی مسائل حل کرنے کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں، لیکن مسائل سے نمٹنے کیلئے ہمیں مل کر مضبوط قوت ارادی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ نوجوانوں نے آئی ٹی میں لوہا منوایا، آئی ٹی کے شعبے میں ملک میں بڑی مہارت ہے، پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، بدقسمتی سے آئی ٹی کی ایکسپورٹ میں زیادہ اضافہ نہیں ہو سکا۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ 8 فروری کو آنے والی حکومت کی ترجیح نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ہوگی، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی دستیاب ہونا ضروری ہے، نوجوان شعبہ آئی ٹی میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔

 شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ نوجوان نسل کھیل کے میدان میں بھی جوہر دکھا رہی ہے، بچیاں بہت اچھی بیٹنگ کر رہی ہیں، میچ بھی جیت رہی ہیں، ہم ہاکی میں پیچھے چلے گئے کرکٹ میں بھی ایسی صورتحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صحیح رہنمائی نہ کی تو بہت بڑا چیلنج بن جائے گا، مشاورت سے پالیسی بنائی تو نوجوان نسل قسمت سنوار دے گی، نوجوان نسل کو مناسب سمت مہیا کر دی تو ماضی کی محرومیاں ختم ہوجائیں گی، ہمارے پاس تیل ہے نہ گیس، ہمارا اثاثہ نوجوان نسل ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ یونیورسٹی اور انڈسٹری کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ای روزگار، دیگر شعبوں میں بھی آپریشنل ٹریننگ کی ضرورت ہے، اصل ضرورت ورکشاپ میں تربیت دینے کی ہے، نوجوانوں کو آپریشنل ٹریننگ دینا ہمارے منشور کاحصہ ہے، بڑے نجی اداروں کے طلبا کے والدین کیلئے اپنے بچوں کو لیپ ٹاپ دینا آسان ہے، سرکاری سطح پر لیپ ٹاپ اسکیم کا دائرہ مستحق، ذہین طلبا کیلئے کیا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید