پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ ووٹ پاکستان کی امانت ہے، سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنا، یہ ووٹ ہماری نسلوں کا فیصلہ کرے گا۔
لاہور کے حلقہ این اے 119 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ این اے 119 میں آج میں نے پہلی بار قدم رکھا ہے، یہاں سے الیکشن لڑنے کی اجازت لینے آئی تھی، لیکن آپ نے تو فیصلہ ہی سنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام تھا کہ اپنے والد کے ساتھ کھڑی کیوں ہوں؟ چاہے جان چلی جاتی لیکن میں اپنے والد کے قدم سے قدم ملا کر چلی۔
انکا کہنا تھا کہ الیکشن 8 فروری کو ہے، میں صرف آپ سے ووٹ کی بات کرنے نہیں آئی، ن لیگ کے علاوہ ساری جماعتیں ایسی ہیں جنہوں نے کچھ نہیں کیا، دیگر جماعتیں دن رات تنقید کرتی ہیں اور الزامات لگاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتیں پنجاب میں ایسی آئی ہیں جنہوں نے 15 سال حکومت کی ہے، 15 سال ایک صوبے میں حکومت کرنے والی جماعت کے پاس 15 منصوبے بتانے کو نہیں ہیں۔
ن لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے 1500 منصوبے گنوا سکتی ہوں، ایک شخص پنجاب میں کہہ رہا ہے نواز شریف نے ابھی تک منشور نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف آنے والے چند دنوں میں منشور دے گا، نواز شریف کا منشور یہ ہے جو اوپر سے اورنج لائن ٹرین گزر رہی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جو منشور دیا تھا تو اس پر عمل بھی کیا، نواز شریف کو جہاں عوام نے مینڈیٹ دیا وہاں کام کروایا اور جہاں مینڈیٹ نہیں ملا وہاں بھی کام کروایا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے احساس ہے میں نے دن رات آپ کی خدمت کرنی ہے، میں وہ امیدوار نہیں جس کو لوگ پرچی پر لکھ کر دیتے ہیں کہ ہمارے یہ مسائل ہیں، میں وہ امیدوار ہوں جو گھر سے پتہ کر کے آئی ہے حلقے کے کیا مسائل ہیں۔
ن لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ میرا بس چلے تو این اے 119 کے ہر گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر مسائل پوچھوں، این اے 119 سے وعدہ ہے جیتنے کے بعد یہاں ہمیشہ کےلیے میرا دفتر قائم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ پاکستان کی امانت ہے، سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنا، یہ ووٹ ہماری نسلوں کا فیصلہ کرے گا، ہم لوگوں نے یہ ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جانا، ووٹ نے آپ کی نسلوں کی ترقی کا فیصلہ کرنا ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ این اے 119 کے ساتھ آج کے بعد میرا نہ ٹوٹنے والا رشتہ بن گیا ہے۔