وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل نے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بھائی کے پاسپورٹ پر اٹلی جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق ملزم غلام مصطفیٰ اپنے بھائی بلال حسن کے پاسپورٹ پر اٹلی جا رہا تھا۔ ملزم فلائٹ نمبر GF773 سے اٹلی روانہ ہو رہا تھا۔
ملزم کا اصل نام غلام مصطٰفی ہے، امیگریشن آفیسر حمزہ علی اور احمد خان کی نشاندہی پر شفٹ انچارج سلیمان لیاقت نے ملزم کو آف لوڈ کیا تھا، ملزم کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا بھائی گزشتہ سال اٹلی سے پاکستان آیا تھا، ملزم نے بیرون ملک جانے کے لیے اپنے بھائی کا اٹلی کا ریزیڈنٹ کارڈ پیش کیا۔
اطالوی حکام کی جانب سے ملزم کے بھائی کو غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے اٹلی میں داخلے کی اجازت نہ تھی۔
بعد ازاں ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرانوالہ منتقل کردیا گیا۔