پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میں نے میاں صاحب کو مباحثے کا چیلنج دیا ہے، میں ان کی تقریریں نہیں سنتا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ شہباز شریف کا سندھ میں مباحثے کا چیلنج قبول ہے، میاں صاحب پتہ نہیں کیوں ڈر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب جہاں مباحثہ کرنا چاہتے ہیں آجائیں، میں تیار ہوں۔
واضح رہے کہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف کو مناظرہ کرنے کی دعوت دی گئی تھی، جس کے بعد ن لیگ نے مناظرے کی دعوت قبول کرتے ہوئے مناظرہ سندھ میں کرنے کی شرط رکھی تھی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا ایک سیاسی لیڈر نے کہا کہ وہ نواز شریف سے مناظرہ کرنا چاہتا ہے، اپنے صوبے میں بلاؤ، نواز شریف معائنہ کرے گا، مناظرہ بھی ہوگا، موازنہ بھی ہوگا۔